لفظ لفظ روشنی

مولانا مفتی شکیل احمد نقشبندی

مختصر پُر اثر باتیں
دل جگائیں

1335سال امت محمدی نے بغیر لائوڈ سپیکر کی اذانوں اور بغیر الارم والی گھڑیوں کے صبح جاگ کر نماز فجر پابندی سے ادا کی ہے۔ اس زمانے میں اطاعت خداوندی کا جذبہ دل میں موجزن رہتا تھا اور دل ہی نماز فجر کے لیے جگایا کرتے تھے۔ اب گناہ کرتے کرتے ہمارے دل مردہ ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے ہم فجر میں سوتے رہتے ہیں، اب نہ الارم والی گھڑیاں کام آرہیں ہیں اور نہ تیز آواز والے لائوڈ سپیکر۔

تمہارا رب

جس چیز کو تمہارے قریب کردے اس میں حکمت تلاش کرو اور جس چیز کو تم سے دور کردے اس پر صبر کرو۔

رشتوں کا فرق

بیٹی اگر بیمار ہو جائے تو دُکھ لگتا ہے اور بہو اگر بیمار ہو جائے تو ڈراما لگتا ہے۔

خوفناک چیز

سب سے خوفناک چیزیہ کہ ایک گناہ آپ کے لیے اس قدرمعمولی ہوجائے کہ آپ اس کے لیے توبہ بھی غیراہم سمجھیں ۔

زندگی گزارنے کا بہترین اصول

پچھتاوے، دکھ اور افسوس اپنے وقت پرہی اچھے لگتے ہیں۔ وقت نکل جائے تو انسان کو ہر حال میں خوش رہنے کی عادت ڈالنی چاہیے ورنہ بڑا نقصان ہو جاتا ہے۔

عبادت کرنے کا بہترین دن

ایک شخص نے بزرگ سے پوچھا عبادت کرنے کابہترین دن کون سا ہے؟
بزرگ: موت سے ایک دن پہلے۔
شخص: موت کا تو کوئی وقت نہیں ۔
بزرگ: توزندگی کاہر دن آخری سمجھو۔

معاشرے میں بلند مقام حاصل کرنے کے ذریں اصول

۔(۱) عاجزی وانکساری سے پیش آنا۔
۔(۲) سلام کرنے میں پہل کرنا ۔
۔(۳) ہمیشہ مسکراتے چہرے سے ملنا۔
۔(۴) اچھے انداز میں بات کرنا ۔
۔(۵) لوگوں کے بارے میں اچھا گمان رکھنا۔
۔(۶) بڑوں کی عزت اور چھوٹوں پرشفقت کرنا۔
۔(۷) لوگوں کے عیوب کی پردہ پوشی کرنا۔
۔(۸) غلطی کرنے والے سے در گزر کرنا ۔
۔(۹) کسی کامذاق نہ اڑانا، بُرے القاب سے نہ پکارنا۔
۔(۱۰) مالی معاملات صاف رکھنا۔
۔(۱۱) لوگوں کو خوشی وغمی میں شریک ہونا۔
۔(۱۲) رفاہِ عامہ کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ۔

ایک خوبصورت نصیحت

جب کوئی کام تمہاری مرضی کے مطابق ہو جائے تو شکر ادا کرو کہ اللہ نے تمہاری مرضی کو اتنی اہمیت دی، اگر تمہاری مرضی کے خلاف ہو تو اور زیادہ شکر ادا کرو کہ اب وہ اللہ کی مرضی سے ہو گاجو ہماری مرضی سے بہتر اور بہت افضل ہے۔
 



Subscribe for Updates

Name:

Email: