گناہ آدمی کو جناب پیغمبر علیہ السلام کی لعنت کامستحق بنادیتا ہے کیوں کہ حضور علیہ السلام نے بعض صغیرہ گناہ کرنے والے شخص پر لعنت بھیجی ہے۔اس لیے کبائر بدرجہ اولیٰ، قابلِ لعنت ہوں گے مثلاً شریعت میں درج ذیل لوگوں پر لعنت کی گئی ہے۔
واشمہ … یعنی وہ عورت جو بدن کو گود کر نقش ونگار کے لیے نیل بھرے۔
مستوشمہ … یعنی وہ عورت جو دوسری عورت سے بدن گود نے کی استدعا کرے۔
واصلہ … یعنی وہ عورت جو اپنے بالوں سے، دوسرے کے بالوں کی خوبصورتی کے لیے، مصنوعی طورپر پیوند کرے۔
مستوصلہ … یعنی وہ عورت جو اپنے بالوں سے دوسرے کے بالوں کی خوبصورتی کے لیے مصنوعی طور پر پیوند کرنے کی استدعا کرے۔
واشرہ … وہ عورت جومصنوعی طورپر دانتوں کو تیز اور باریک بنائے۔ عموماً بوڑھی عورتیں، جو ان عورتوں کی مشابہت کے لیے کیاکرتی ہیں۔
مستوشرہ … یعنی وہ عورت جو مصنوعی طورپر دانتوں کو تیز اور باریک بنانے کے لیے دوسری سے استدعا کرے۔
ناصمہ … یعنی وہ عورت جو اپنے چہرے کے بال اکھیڑ ڈالے۔
منتصمہ … یعنی وہ عورت جو اپنے چہرے کے بال اکھیڑنے کے لیے دوسری سے استدعا کرے۔
سود لینے والا، سود دینے والا، سود کا تمسک لکھنے والا، سود کی بابت شہادت دینے والا۔
محلل اور محلل لہٗ … یعنی حلالہ کرنے والا اور وہ شخص جس کے لیے حلالہ کیاگیا ہے۔
سارق …چوری کرنے والا
شارب الخمر …یعنی شراب خور، شراب پلانے والا، شراب کھینچنے والا، شراب کھچوانے والا، شراب بیچنے والا، شراب خریدنے والا، شراب کی قیمت کو استعمال کرنے والا، شراب کو اٹھا کر ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جانے والا، وہ شخص جس کی طرف شراب پہنچائی جائے۔
وہ شخص جو کسی اراضی کے حدود اور نشانات کو بدل ڈالتا ہے۔
وہ شخص جو اپنے ماں باپ پرلعنت بھیجتا ہے۔
وہ شخص جو کسی جاندار چیز کو تیر آموزی کے لیے نشانہ بنائے۔
وہ شخص جواپنے تئیں مخنث بنا ڈالے۔
وہ عورتیں جو اپنے تئیں مردوں کی وضع میں ظاہر کریں۔
وہ شخص جو غیر اللہ کانام لے کر کسی جاندار کو ذبح کرے۔
وہ شخص جو دین میں کوئی نئی بات پیدا کرے یاکسی ایسے شخص کو، جو دین میں نئی بات پیدا کرے، اپنے ہاں پناہ دے۔
وہ شخص جو تصویر کشی کرتا ہے۔
وہ شخص جو لواطت کرتا ہے۔
وہ شخص جو اپنے والدین کو گالیاں دیتا ہے(خواہ خود گالیاں دے یادوسرے کو گالیاں دے کر اپنے والدین کوگالیاں دلوائے )۔
وہ شخص جو نابینے کو راہ چلتے بے راہ کرے۔
وہ شخص جو کسی چوپائے سے وطی کرے۔
وہ شخص جو کسی چوپائے کے چہرہ پر نشان لگائے۔
وہ شخص جو کسی مسلمان کو کوئی ضرر پہنچائے یااسے دھوکہ دے۔
وہ عورتیں جو قبور کی زیارت کرتی ہیں۔
وہ لوگ جو قبروں پرمسجد بناتے ہیں اور چراغ جلاتے ہیں۔
وہ شخص جو کسی کی بیوی کو خاوند کی طرف سے یاکسی غلام کو اس کے آقا کی طرف سے بہکائے۔
وہ شخص جو عورت کی دبر میں وطی کرتا ہے۔
وہ عورت ( بیوی) جومرد کی خواہش پر اس سے ہمبستر نہ ہو اور علیحدہ رات گزارے۔ایسی عورت کو صبح تک ملائکہ لعنت بھیجتے رہتے ہیں۔
وہ شخص جو صحابہ رضی اللہ تعالیٰ عنہم کو گالیاں دیتا ہے۔
وہ شخص جو اپنے باپ کے غیر کی طرف منسوب ہوتا ہے یعنی نسب بدلتا ہے۔
وہ شخص جو کسی اوزار کو اپنے مسلمان بھائی کے سامنے کرتا ہے۔ خواہ مارنے کی نیت نہ رکھتا ہو۔ ایسے شخص پرملائکہ لعنت بھتیجے ہیں۔
وہ شخص جو زمین میں کسی قسم کا فساد برپا کرتا ہے اور قطع رحمی کرتا ہے یااذیت پہنچاتا ہے۔
وہ شخص جو جناب پیغمبر علیہ السلام کو اذیت پہنچاتا ہے۔
وہ شخص جو حکمِ آیاتِ قرآنیہ کو مخفی رکھتا ہے۔
وہ لوگ جو محصنہ عورتوں پر زنا کی تہمت لگاتے ہیں۔
وہ شخص جوسبیل کافر کو سبیل مسلم سے ہدایت میں ترجیح دے۔
وہ مرد جو عورت کا لباس پہنے اور وہ عورت جومرد کا لباس پہنے۔
وہ شخص جو رشوت دے اور رشوت دلائے۔
ان لوگوں کے علاوہ اور بھی لعنتیں شریعت میں وارد ہو چکی ہیں اوراگر بالفرض مذکورہ بالا امور میں بجز اس کے اور کوئی قباحت نہ ہوتی کہ ان کا کرنے والا اللہ اور اس کے رسول ﷺاور ملائکہ کی طرف سے استحقاقِ لعنت پر رضا مند ہو تا ہے، تب بھی ان کے ارتکاب پرکبھی اقدام نہ کرنا۔
(اگر آپ درج بالا کسی گناہ میں بھی مبتلا ہو کر لعنت کے مستحق بن رہے ہیں تو فوراً توبہ کیجئے۔ اللہﷻ، رسول اللہ ﷺ اور فرشتوں کی لعنت کے بعد انسان کے لئے کوئی جائے پناہ نہیں۔خ)
 

 

کاپی رائٹ © تمام جملہ حقوق محفوظ ہیں۔ دارالعمل چشتیہ، پاکستان  -- ۲۰۱۴



Subscribe for Updates

Name:

Email: