سود کا نقصان

سوال: میرے اوپر بینکوں کا بہت قرضہ ہے اور کاروبار میں بہت رکاوٹیں ہیں۔ مجھے کوئی عمل یا وظیفہ بتائیں کہ میرے گھر پراور کاروبار میں برکتیں اوررحمتیں نازل ہوں۔ ساتھ ہی یہ بھی بتائیں کہ کیا کسی نے میرے اوپر کچھ کیاتو نہیں ؟

(سلیم شیخ، کراچی )

جواب: آپ نے لکھا ہے کہ آپ پر بینکوں کے قرضے ہیں اورکاروبار میں بہت رکاوٹیں ہیں۔ بھائی! میں نے اپنی مختصر سی زندگی میں کوئی بھی ایسا فرد نہیں دیکھا جو سودی قرضے میں مبتلا ہو اور پریشانیاں اس کے گھر ڈیرہ نہ ڈال کر بیٹھی ہوں۔ یہ ایسا گناہ ہے جس میں مبتلا شخص کے خلاف اللہ جل شانہ اور اس کے رسول ﷺ نے اعلانِ جنگ کیاہے۔ آپ مجھے صرف اتنا بتادیں کہ اگر اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول اللہ ﷺکسی شخص کے خلاف اعلانِ جنگ کردیں تو کیا اس شخص کے گھربرکتیں اوررحمتیں نازل ہو سکتی ہیں ؟ جس نے برکتیں اور رحمتیں بھیجنی ہیں، اس کو تو آپ نے سخت ناراض کیا ہواہے۔ اس وقت تو سب سے بہتر عمل یہ ہے کہ کثرت سے رو رو کراللہ تعالیٰ سے معافی مانگی جائے اور سودی معاملات سے ہمیشہ کے لئے توبہ کرلی جائے اور رو رو کر سود سے نجات کی دعا مانگی جائے۔ کوئی بھی وظیفہ ہو یاتعویذ یاعمل، اثرتو اللہ تعالیٰ ہی ڈالتے ہیں۔ روزانہ دو رکعت صلوٰۃ التوبہ پڑھیں اور دو رکعت صلوٰۃ الحاجت پڑھیں۔ ایک ہفتہ کے اندر اندر آپ کو خواب آئے گا۔ وہ مجھے آپ فون پر بتائیں۔ مگر یاد رکھیں کہ سچی توبہ اور رو رو کر، خوب گڑ گڑا کر دعا مانگنی ہے اور توبہ کرنی ہے۔ اس خواب میں آپ کو نجات کے راستے کا پتہ چلے گا۔ دوسری بات کہ آپ کے اوپر کسی نے کچھ کیاہے یانہیں تو اس کے لئے آپ اپنی پاسپورٹ سائز تصویر اور پہنا ہوا کپڑا بھجوادیں۔ بھجوانے سے قبل فون پر بات کرکے اچھی طرح سمجھ لیں توبہتر ہو گا۔ اگر تصویر نہ بھیجنا چاہیں تو کوئی حرج نہیں مگر کپڑابھیجنا لازمی ہے۔ میری باتوں کابرا نہ منائیے گا۔ سود سے توبہ کئے بغیر آپ پر رحمتیں برسنا اصولاً ناممکن ہے۔

بہن راضی ہو جائے

سوال: میری چھوٹی بہن مجھ سے نفرت کرتی ہے۔ وجہ میری ہی غلط حرکتیں ہیں۔ مجھے کوئی ایسا عمل بتائیں کہ وہ مجھ سے راضی ہوجائے۔

(رشید شاہ، فیصل آباد )

جواب: آپ111 بار’’یالطیفُ ‘‘پڑھ کربہن کی طرف دم کردیا کریں۔ 21دن یہ عمل کرکے اطلاع کریں۔ کوئی ایک وقت مقرر کرلیں۔ اور جن غلط حرکتوں کی وجہ سے ناراضگی ہے، وہ آئندہ نہ کرنے کاعہد کریں اور بہن سے معافی مانگیں۔

مشکلات کاحل

سوال: مجھے کوئی ایسا عمل بتائیں کہ میری مشکلیں حل ہوجائیں۔

(صادق تنولی، مانسہرہ )

جواب: ان آیات کو ہر نماز کے بعد 33مرتبہ اور عشاء کے بعد 313مرتبہ پڑھ کر اپنی مشکلات حل ہونے کی دعا مانگیں۔ آیات یہ ہیں

لَقَدْ جَاۗءَکُمْ رَسُوْلٌ مِّنْ اَنْفُسِکُمْ عَزِیْزٌ عَلَیْہِ مَا عَنِتُّمْ حَرِیْصٌ عَلَیْکُمْ بِالْمُؤْمِنِیْنَ رَءُوْفٌ رَّحِیْمٌ۝۱۲۸ فَاِنْ تَوَلَّوْا فَقُلْ حَسْبِیَ اللہُ۝۰ۤۡۖ لَآ اِلٰہَ اِلَّا ھُوَ۝۰ۭ عَلَیْہِ تَوَکَّلْتُ وَھُوَرَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِیْمِ۝۱۲۹ۧ

 توبہ :۱۲۹-۱۲۸

ان آیات میں اللہ تعالیٰ نے عجیب وغریب تاثیر رکھی ہے۔ جن لوگوں نے اس وظیفہ کو پڑھا ہے، وہی اس کااثر جانتے ہیں۔

ظالم جیٹھ

سوال: میں اپنے جیٹھ کے ہاتھوں بہت تنگ ہوں۔ ان لوگوں نے ہم سے بہت زیادتی کی ہے۔ آپ کچھ پڑھنے کو بتائیں کہ ان میں ہمت ہی نہ رہے تنگ کرنے کی۔ گھرمیں ایک شادی بھی آرہی ہے۔ وہ بھی آرام سے ہوجائے اور کوئی مسئلہ ان لوگوں کی طرف سے نہ بنے۔

(بیگم ظہیر الاسلام ، اسلام آباد)

جواب: نمازِ فجر سے قبل یعنی سنت پڑھنے کے بعد فرضوں سے قبل گیارہ دفعہ یہ دعا پڑھیں : بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ۔ اَللّٰھُمَّ سَخِّرْلِیْ اَعْدَائِیْ کَمَا سَخَّرْتَ الرِّیْحَ لِسُلَیْمَانَ بْنِ دَاؤُدَ عَلَیْہِمَاالسَّلَامْ وَلَیِّنْھُمْ کَمَا لَیَّنْتَ الْحَدِیْدَ لِدَاؤُدَ عَلَیْہِ السَّلَامْ وَذَلِّلْھُمْ کَمَا ذَلَّلْتَ فِرْعَوْنَ لِمُوْسٰی عَلَیْہِ السَّلَامْ بِحَقِّ کۗہٰیٰعۗصۗ وَ بِحَقِّ حٰـمۗعۗسۗقۗ صُمٌّۢ بُکْمٌ عُمْىٌ فَھُمْ لَا یَرْجِعُوْنَ صُمٌّۢ بُکْمٌ عُمْیٌ فَہُمْ لَا یَعْقِلُوْنَ صُمٌّۢ بُکْمٌ عُمْیٌ فَہُمْ لَا یُبْصِرُوْن۔ اِیَّاکَ نَعْبُدُ وَاِیَّاکَ نَسْتَعِیْن فَسَیَکْفِیْکَھُم اللّٰہُ وَھُوَ السَّمِیْعُ الْعَلِیْم وَالْحَمْدُ لِلہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ
ان شاء اللہ تعالیٰ، آپ کے دشمن آپ کی مخالفت چھوڑ دیں گے، ورنہ ذلیل ہوں گے۔

دکان میں برکت ہو

سوال: میرا مسئلہ یہ ہے کہ میری دکان نہیں چلتی۔ گاہک نہیں آتا اور اگر آجائے تو بغیر خریداری کے چلا جاتا ہے۔ اس لئے گھرکے اخراجات پورے نہیں ہوتے اور گھر میں تنگی بہت ہے، کچھ سمجھ نہیں آتی۔ مہربانی فرما کرمیرے اس مسئلہ کا کچھ حل نکالیں۔

(مقبول احمد، گجرات)

جواب: آپ ’’یامغنی اور سورۃ مزمل ‘‘ کاوظیفہ پورے چالیس یوم کریں۔ طریقہ آپ کو ارسال کردیاگیا ہے اور ساتھ ہی دکان ومکان کی خیروبرکت وحفاظت کے دو تعویذ بھی آپ کو ارسال کردئیے ہیں۔ دکان میں برکت کے لئے سورۃ البقرۃ کی کیسٹ والا عمل بھی چالیس دن دکان پر کریں۔ اگرممکن نہ ہو تو سورۃ یٰسین کا کیسٹ والا عمل روزانہ صبح دکان پر کریں۔ ان شاء اللہ، برکت ہو گی۔
دکان میں اگر کوئی ایسا سامان ہے، جس پر تصویر ہو تو کوشش کریں کہ اس طرح رکھیںکہ تصویر چھپ جائے،سامنے نظر نہ آئے۔ ورنہ رحمت کے فرشتے داخل نہ ہوں گے۔

باہرکے ملک جانا

سوال: میں نے باہر کے ملک جانے کیلئے دو دفعہ کوشش کی مگرمیں ناکام رہا۔ آپ بتائیں کہ میرے کس ملک میں جانے کے امکانات ہیں اور یہ میرے لئے کیسا رہے گا ؟

(خالد شیخ، لاہور )

جواب: محترم !بندے کے پاس ایسا کوئی علم نہیں کہ قبل از وقت غیب کی خبریں فوری پتہ کرکے بتا سکوں کہ آپ کس ملک میں جائیں گے یاکس کے امکانات ہیں۔ اس کیلئے واحد حل یہی ہے کہ خود آپ اللہ تعالیٰ سے پوچھیں کیونکہ وہی غیب جانتے ہیں اور ان کے سوا کوئی نہیں جانتا۔ سب حساب یااندازے ہوتے ہیں اورمستقبل کے بارے میں کسی بھی حساب یا اندازے پر یقین کرنا گناہ کبیرہ ہے۔ اور حد درجہ یقین سے ایمان زائل ہونے کا خطرہ ہے۔ افسوس کہ آج کل یہ مرض عام ہےکہ لوگ اپنے مستقبل کے بارے میں جاننے کے لئے بہت فکر مند رہتے ہیں۔ آپ سونے سے پہلے دو رکعت نمازِ استخارہ کی نیت سےپڑھیں اور 812 بار ’’ یَاخَبِیْرُ‘‘ پڑھ کراللہ تعالیٰ سے دعا مانگیں۔ ان شاء اللہ، آپ کوتین سےسات دنوں میں خواب میں اشارہ مل جائے گا۔
 

 

کاپی رائٹ © تمام جملہ حقوق محفوظ ہیں۔ دارالعمل چشتیہ، پاکستان  -- ۲۰۱۴



Subscribe for Updates

Name:

Email: