حضرت ابوہریرہ ؓ کی روایت میں ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا ہے کہ’’ جو شخص مجھ سے دعا نہیں کرتا ،مجھے اس پر غصہ آتا ہے ‘‘۔
(عسکری فی المواعظ)
حضرت ابوسعید خدری ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’شیطان رجیم نے جب حضرت حق گکی جناب میں عرض کیاکہ مجھے تیری عزت کی قسم! جب تک تیر ے بندوں کی روح ان کے جسم میں رہے گی، میں ان کو بہکاتا رہوں گا اور گمراہ کرتا رہوں گا تو اللہ گنے فرمایا:مجھے اپنی عزت اور جلال اور بلند مرتبے کی قسم ! جب تک میرے بندے مجھ سے استغفار کرتے رہیں گے، میں ان کی مغفرت کرتا رہوں گا ‘‘۔
(احمد )
حضرت جندب ؓ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ ’’کسی شخص نے قسم کھا کر یوں کہا تھا کہ خدا کی قسم فلاں شخص کو اللہ تعالیٰ نہیںبخشے گا۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ یہ ایسا کون شخص ہے جو مجھ پر قسم کھاتا ہے کہ فلاں شخص کی مغفرت نہیں کروںگا۔ میںنے فلاں شخص کو بخش دیا اور اس قسم کھانے والے کے تمام اعمال میں نے ضائع کردیئے ‘‘۔
(مسلم)
حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا : ’’جب اللہ تعالیٰ نے مخلوق کو پیدا کرنا مقدر کیا تو ایک کتاب لکھی جو عرش پراس کے پاس ہے۔ اس کتاب میں لکھا ہے کہ بیشک میری رحمت میرے غضب سے آگے ہے اور ایک روایت میں یوں ہے کہ میری رحمت میرے غضب پرغالب ہے ‘‘۔
(بخاری مسلم )
یعنی اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ میری رحمت کا ظہور میرے غضب سے زائد ہے اورمیں اپنی رحمت کا معاملہ اپنے غضب کے مقابلہ میں زیادہ کرتا ہوں۔ جو بندہ خدا کو راضی رکھنے اور اس کی رضا مندی تلاش کرنے کی فکر میں رہتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس پراپنی رحمت کا عام اعلان فرماتے ہیں۔
کاپی رائٹ © تمام جملہ حقوق محفوظ ہیں۔ دارالعمل چشتیہ، پاکستان -- ۲۰۱۴