قصیدہ بُردہ عظیم الشان قصیدہ ہے جو بارگاہِ نبوی صاحبھا الصلوٰۃ والسلام سے سندِ قبولیت پاکر چاردانگ عالم میں مشہو رہے۔ اس کے مصنف علامہ شرف الدین محمد بوصیری رحمۃ اللہ القوی ہیں۔ قصیدہ بُردہ لکھنے کا سبب یہ ہواکہ ایک روز اچانک آپ پر فالج کاحملہ ہوا۔ حتیٰ کہ نصف حصہ بے حس ہو گیا۔ آپ رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ’’ میرے ضمیر نے مجھے مشورہ دیا کہ ایک قصیدہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی تعریف میں لکھوں اور اس کے وسیلے سے اپنے لئے شفا ء طلب کروں۔ لہٰذا میں نے اس قصیدہ مبارکہ کو لکھا توخواب میںحضور نبی کریم ﷺ کی زیارت سے مشرف ہوا۔ میں نے آپﷺ کو قصیدہ پڑھ کرسنایا تو آپ ﷺ نے خوش ہو کرمجھے چادر عطا فرمائی اور میرے اعضاء پر اپنے نور بھرے ہاتھوں کو پھیرا ۔ جب آنکھ کھلی تو میں نے اپنے آپ کو بالکل صحت یاب پایا‘‘۔
اس قصیدے سے افادہ واستفادہ اکثر علماء وبزرگان دین کامعمول رہاہے۔ اس کے فوائد ان گنت اور مُسَلَّم ہیں جیسا کہ اکثر شارحین نے ذکر فرمایا کہ حضرت سعد فاروقی رحمۃ اللہ تعالیٰ کی آنکھوں میں سخت آشوبِ چشم ہو گیا۔ قریب تھا کہ نابینا ہو جاتے۔ دریں اثنا ان کی سوئی ہوئی قسمت انگڑائی لے کر جاگ اٹھی اور خواب میں حضور سید عالم نور مجسم ﷺ کی زیارت نصیب ہوئی۔ آپﷺ کے لب ہائے مبارکہ کو جنبش ہوئی۔ رحمت کے پھول جھڑنے لگے اور الفاظ کچھ یوں ترتیب پائے کہ فلاں شخص کے پاس جائو۔ اس کے پاس قصیدہ بُردہ رکھا ہے۔ اسے لےکر آنکھوں پر لگائو۔ آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ اس شخص کے پاس گئے اور قصیدہ بُردہ شریف کولے کر آنکھوں پر لگایا اور پڑھا۔ الحمد اللہ اُن کا مرض بھی جاتا رہا اور آنکھیں پہلے سے بھی زیادہ روشن ہو گئیں۔
(عصیدہ الشہدۃ، صفحہ۴-۵)
اس مضمون میں قصیدہ بُردہ پڑھنے کے فضائل اور بالخصوص اس سے روحانی علاج کو بیان کیاگیا ہے۔
ضعف قلب ودمہ کے مرض کا علاج
لَوْلَا الْھَوٰی لَمْ تُرِقْ دَمْعًا عَلٰی طَلَلِ
وَ لَا اَرِقْتَ لِذِکْرِ الْبَانِ وَالْعَلَـمِ
اگر کسی کو ضعفِ قلب (دل کی کمزوری) ہو یا دل بے انتہا پریشان ہو یا دمہ کا مرض ہوتو اس شعر کے حروف سیب پر لکھ کر کھلائیں تو ان شاء اللہ چند ہی دنوں میں کلی صحت ہو گی۔ سیب پر حروف اس طرح لکھیں۔
ل و ل ا ا ل ہ و ی ل م ت ر ق د م ع ا ع ل ی ط ل ل
و ل ا ا ر ق ت ل ذ ک ر ا ل ب ا ن و ا ل ع ل م
اور علامہ محمد بن عبداللہ قیصری رحمہ اللہ القوی فرماتے ہیں ہم نے اس کاکئی مرتبہ تجربہ کیا ، سچ اور حق پایا۔
(عصیدۃ الشہدۃ ۔ ص19)
ہر جائز حاجت پوری ہونے کاعمل
فَكَيْفَ تُنْكِـرُ حُبًّا بَعْدَمَا شَـهِدَتْ
بِهِ عَلَيْـكَ عُدُوْلُ الدَّمْعِ وَالسَّـقَمِ
اگر کسی جائز حاجت ومقصد کیلئے اس شعر کو تین مرتبہ پڑھ کر وہ کام شروع کرے تو ان شاء اللہ عزوجل، وہ حاجت پوری ہو ۔
دشمن کے شر سے محفوظ رہنے کاعمل
مَحَّضْتَنِي النُّصْحَ لٰكِنْ لَسْتُ اَسْمَعُهُ
إِنَّ الْمُحِبَّ عَنِ الْعُذَّالِ فِيْ صَمَمِ
اگر کسی شخص کو دشمن کاڈر ہو یاکسی سے تکلیف واذیت پہنچنے کا خوف ہو تو ایک گول کاغذ کے کنارے کنارے اس شعر کو لکھ کر عمامہ یا ٹوپی میں اس طرح رکھیں کہ یہ شعر پیشانی کی طرف رہے۔ ان شاء اللہ عزوجل، دشمن ذلیل ورسوا ہو اور یہ خود ان کے شر سے محفوظ رہے۔
(عصیدہ الشہدۃ ۔ص30)
کسی بھی کتاب میں انتہائی مشکل مقام کو حل کرنے کاعمل
وَاسْتَفْرِغِ الدَّمْعَ مِنْ عَيْنٍ قَـدِ امْتَلَأَتْ
مِنَ الْمَحَـارِمِ وَالْزَمْ حِمْيَـةَ النَّـدَمِ
اگر دورانِ مطالعہ کوئی ایسا مقام آجائے جو انتہائی مشکل ہواور باوجود کوشش کے کسی طرح حل نہ ہو تو یہ شعر119مرتبہ پڑھیں۔ پھرمطالعہ کریں۔ ان شاء اللہ عزوجل وہ مسئلہ، وہ مقام حل ہو جائے گا۔
(عصیدۃ الشہدۃ۔ ص53)
جس مکان میں یہ قصیدہ مبارکہ پڑھا جائے
سات چیزوں سے محفوظ رہے گا
آسیب وجن وغیرہ اس گھر سے بھاگ جائیں گے۔ | 1 |
مرض آبلہ سے نجات ہو گی۔ | 2 |
آنکھ میں زخم نہ ہو گا۔ | 3 |
وبا سے نجات ملے گی۔ | 4 |
مرض برص اور اچانک موت سے نجات ہو گی۔ | 5 |
اچانک حادثہ سے حفاظت ہو گی اور ہر بلا سے ان شاء اللہ حفاظت ہو گی۔ | 6 |
دین ودنیا کانقصان نہ ہو گا۔ | 7 |
جملہ حاجات کیلئے مجرب عمل
جو شخص جمعہ کی رات میںستائیس( ۲۷) مرتبہ قصیدہ بردہ شریف پڑھ کر کسی شیرینی پرحضور ﷺکی نیاز دلائے تو اس کی وہ حاجت ان شاء اللہ پوری ہو گی۔
(آزمودہ است)
گھرخیر وعافیت کے ساتھ واپس آنے کاعمل
مَا سَا مَنِی الدَّھْرُضَیمًا وَاسْتَجَرْتُ بِہِ
اِلَّا وَنِلْتُ جِواراًمِنْہُ لَمْ یُضَمِ
اگر مسافر اس شعر کو ایک کاغذ پر لکھ کر پہلا مصرعہ گھرچھوڑ دے اور دوسرا مصرعہ اپنے پاس رکھے تو ان شاء اللہ عزوجل ہر قسم کی آفات سے محفوظ رہے گا اور گھر خیر وعافیت کے ساتھ واپس آئے گا۔
(عصیدۃ الشہدۃ ۔ ص14)
ہر قسم کے آسیب سے شفایابی کابہترین عمل
فَکَیْفَ تُنْکِرُ حُبًّا بَعْدُ مَاشَھِدَتْ
بِہٖ عَلَیْکَ عُدُوْلُ الدَّمْعِ وَالسَّقَمٖ
مُحَمَّدٌ سَیِّدُ الْکَوْنَیْنِ وَالثَّقَلَیْنِ
وَالْفَرِيْقَـيْنِ مِنْ عَرْبٍ وَّمِنْ عَجَـمِ
اگر چینی کے برتن میں یہ اشعار لکھ کر آسیب زدہ کو پلائیں تو چند
ہی روز میں ان شاء اللہ شفا ہو گی ۔
نوٹ: یہ دونوں اشعار ہر قسم کے آسیب زدہ پرپڑھ کر دم کریں اور اس
کاتعویذ لکھ کر گلے میں باندھ دیں ۔
لڑکیوں کے نصیب کھولنے کیلئے بے نظیرعمل
جو جمعہ کی رات جبکہ چاند عروج پر رہا ہو، بعد نمازِ عشاء، سترہ(۱۷) بار قصیدہ بردہ شریف پڑھ کر دعا کرے۔ ان شاء اللہ عزوجل مراد پوری ہو گی۔ یہ عمل سات جمعہ کرے۔
سکرات الموت میں آسانی کاعمل
لَوْنَا سَبَتْ قَدْرَہٗ آیَاتُہُ عِظَمًا
اَحْیَا اسْمُہٗ حِیْنَ یُدْعٰی دَارِسَ الرِّمَمِ
اگر یہ شعر سکرات الموت میں مبتلا شخص پرپڑھا جائے تو اگر وقت پورا ہوچکا ہے تو موت آسانی سے ہو گی ورنہ جلد شفا ہو گی۔
( عصیدۃ الشہدۃ ۔ص93)
ظالم وجابر اورخونخوار درندے سے حفاظت کامجرب عمل
وِقَـايَةُ اللهِ اَغْنَتْ عَنْ مُّضَـاعَفَةٍ
مِنَ الدُّرُوْعِ وَعَنْ عَالٍ مِنَ الْاُطُمٖ
اگر ظالم کاخوف ہو یا کسی ایسی جگہ میں ہو،جہاں درندوں کاخوف ہو کہ چیر پھاڑ کھائیں گے تو یہ شعر ۷بار یا ۹بار پڑھ کر شہادت کی انگلی پردم کرکے حصار کرے۔ ان شاء اللہ عزوجل ،دائرہ میں کوئی وحشی درندہ داخل نہ ہو سکے گا اور ظالم وجابر ہر شخص سے بھی محفوظ رہے گا۔ یہ عمل مجرب ہے ۔
( عصیدۃ الشہدۃ ۔ص139)
دینی ودنیاوی حاجات کیلئے تریاق
ھُوَ اْلَجِیْبُ الَّذِی تُرْجٰی شَفَاعَتُہٗ
لِکُلِّ ھَوْلٍ مِّنَ اْلَاھْوَالِ مُقْتَحَمِ
اگر کسی کی دینی ودنیاوی حاجات ہو،اسے چاہئے کہ ایک ہی مجلس میں اس شعر کو ایک ہزار مرتبہ پڑھے تو اللہ عزوجل، اس کی حاجات پوری فرمائے گا۔ علامہ ابو سعید خدری رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ فرماتے ہیں اَنَالُ مَا أَتَمَنَّاہُ ’’اس شعرکی برکت سے میری ہر تمناپوری ہوئی ہے‘‘۔
(عصیدۃ الشہدۃ۔ص77-78)
گناہوں کی عادت سے چھٹکارے کاعمل
وَخالِفِ النَّفْسَ وَالشَّيْطَانَ وَاعْصِهِـمَا
وَإِنْ هُمَـا مَحَّضَـاكَ النُّصْحَ فَاتَّهِـمِ
وَلاَ تُطِعْ مِنْهُمَا خَصْمًا وَّلاَ حَكَمًــا
فَأَنْتَ تَعْرِفُ كَيْـدَ الْخَصْمِ وَالْحَكَـمِ
جوشخص گناہوں کا عادی ہواورنفسانی خواہشات کی وجہ سے توبہ کی طرف مائل نہ ہوتا ہو تو اسے چاہیے کہ ان دونوں اشعار کو بعد نمازِ جمعہ، ایک کاغذ پر لکھ کر عرق گلاب سے دھو کر پی لے اور اسی جگہ قبلہ کی طرف چہرہ کئے بیٹھا رہے اور خضوع وخشوع کے ساتھ بارگاہ الٰہی میں توبہ کرے اور نبی اکرم ﷺ پردرود پاک پڑھتا رہے حتیٰ کہ نمازِ عصر ومغرب وعشاء وہیں پڑھے توان شاء اللہ عزوجل نفس مغلوب وتابع ہو گا۔
(عصیدۃ الشہدۃ۔ص58)
نافرمان جانور کو تابع کرنے اور زبان کی لکنت کاعلاج
أَمِنْ تَـذَكُّرِ جِيْرَانٍم بِـذِيْ سَـلَمِ
مَزَجْتَ دَمْعـاً جَرٰى مِنْ مُّقْلَةٍم بِدَمِ
أَمْ هَبَّـتِ الرِّيْحُ مِنْ تِلْقَآءِ كَاظِمَـةٍ
وَأَوْمَضَ الْبَرْقُ فِي الظَّلْماءِ مِنْ إِضَمِ
فَمَا لِعَيْنَيْكَ إنْ قُلْتَ اكْفُفَا هَمَتَــا
وَمَا لِقَلْبِكَ إنْ قُلْتَ اسْتَفِقْ يَهِـمِ
ان تینوں اشعار کو اگرشیشہ کے برتن پر لکھ کر بارش کے پانی سے دھو کرنافرمان جانور کو پلایاجائے تو وہ فوراًتابع ہو جائے گا ۔ اور اگرکسی نافرمان بیوی کو بھی اسی طرح لکھ کر پانی پلا جا ئے تو فرماں بردار ہو جائے گی اور شوہر کی ہر بات مانے گی۔ حضرت علامہ محمد بن عبداللہ قیصری رحمۃ اللہ القوی فرماتے ہیں ہم نے اس کاتجربہ کیااور اسے تیر بہدف پایا۔ | 1 |
اگر ان تینوں اشعار کو ہرن کی جھلی پر
لکھ کر ایسے شخص کے بازو پر باندھا جائے جس کی زبان میں لکنت کا مرض ہو تو
زبان کی لکنت دور ہو جائے گی اور اللہ عزوجل کی مدد سے وہ فصیح اللسان ہو
جائے۔ (عصیدۃ الشہدۃ ۔ص14) |
2 |
مجرب استخارہ
جمعہ کی رات کو بعد از نمازِ عشاء باوضو ہو کر دو رکعت نماز نفل برائے استخارہ ادا کریں۔ پھر مندرجہ ذیل شعر313بار پڑھیں اور اول وآخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود ابراہیمی پڑھ کر اپنے بدن پر دم کریں ۔ متواتر اسی طرح تین روز کرنے سے جس کام کے متعلق دریافت کرنے کا ارادہ ہو گا، بذریعہ استخارہ ان شاء اللہ معلوم ہو جائے گا۔ قیصدہ بردہ شریف کا 36واں شعر یہ ہے۔
ھُوَ الْحَبِیْبُ الَّذِیْ تُرجٰی شَفَاعَتُہُ
لِکُلِّ ھَوْلٍ مِّنَ اَلْاَھْوَالِ مُقْتَحَمِ
دامِ اُلفت
جنوبی دیوار میں سفید کاغذ پر سیاہ دائرہ جس کااحاطہ یہ ہو، سامنے بیٹھ کر باوضو اگر بتی وغیرہ سلگا کر اول وآخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود ابراہیمی پڑھ کر نظر دائرہ پر جما کر قصیدہ بردہ شریف کا بہترواں یہ شعر
جَآءَ تْ لِدَعْوَتِہ ِالْاَشجَارُ سَاجِدَۃً
تَمْشِی اِلَیْہِ عَلَی سَاقٍ بِلَا قَدَمِ
یکسوئی ونظرقائم کرکے توجہ سے پڑھناہے۔ چند یوم میں یہ عبور حاصل ہو جائے کہ شعر پڑھنے کے دوران دائرہ سفید ہو جائے یاغائب ہوجائے اور اتنی مشق ہو جائے کہ دائرہ غائب کرنے یا سفید دیکھنے پرمکمل کنٹرول ہو جائے تو عامل کو حیرت انگیز قوت اس طرح حاصل ہو جائے گی کہ راہ چلتے ذی روح پر توجہ ویکسوئی مکمل رکھ کر شعر پڑھنا شروع کرے تومعمول راہ گیر اسی لمحہ اپنی راہ سے ٹوٹ کر عامل کے پاس حاضر ہوجائے گا۔ اور حکم کی مکمل تعمیل کرے گا۔
( آزمودہ است)
نوٹ: جو شخص حرام کاری کیلئے عمل کو غلط طریقہ سے
استعمال میںلائے گا، وہ اپنے گناہ وآخرت کاخود ذمہ دار ہو گا۔ حلال وجائز کیلئے
عمل کو استعمال کرنے کی اجازت ہے۔ مثلاً شادی ، بیاہ یاکسی سے اپنی بات منوانا
وغیرہ وغیرہ ۔
میں نے اور میرے کئی مہذب دوستوں نے اس کاکئی مرتبہ تجربہ کیا ، سچ اور حق پایا۔
(ختم شد)
کاپی رائٹ © تمام جملہ حقوق محفوظ ہیں۔ دارالعمل چشتیہ، پاکستان -- ۲۰۱۴