صحیح طرح بات کرے

سوال: ڈاکٹرصاحب! میرا بیٹا اپنی بیوی سے صحیح طرح بات نہیں کرتا۔ میں چاہتی ہوں کہ وہ اپنی بیوی سے اچھا سلوک کرے اور صحیح طرح بولے۔

(سلمٰی بشیر، سیالکوٹ )

جواب: اس کے لئے آپ اپنی بہو کو کہیں کہ وہ اپنے خاوند کی بات پراعتراض نہ کریں اور نہ ہی آگے سے بولیں۔ اگر یہ وہ کام کرسکتی ہیں تو پھر یہ وظیفہ کرلیں : ’’یالطیف یاودود ‘‘ کو 313 مرتبہ چینی پرپڑھ کر روزانہ یہ چینی کسی طرح اپنے خاوند کو کھلادیا کریں۔ یاد رکھیں کہ تالی دونوں ہاتھوں سے ہی بجتی ہے۔ بیوی کو بھی چاہئیےکہ اپنی غلطیوں کو سدھارے۔

ساس کی شکایتیں

سوال: میری ساس کا رویہ مجھ سے بہت برا ہے۔ وہ ہر وقت کچھ نہ کچھ میرے خلاف سازش کرتی رہتی ہیں۔ کچھ ایسا کریں کہ میرے شوہر مجھے علیحدہ گھر لے کر دے دیں۔

(رمشا کنول، اسلام آباد)

جواب: آپ نے اپنی ساس کا تولکھ دیامگر اپنا کچھ نہ لکھا۔ غور کریں کہ وہ کون سی باتیں ہیں جو ساس کو بری لگتی ہیں اور آپ ان کو چھوڑتی نہیں۔ اپنی غلطیوں کی اصلاح کرنا ہی اصل کام ہے۔ دوسروں کی غلطیوں کی نشاندہی کا کیا فائدہ ؟ امید ہے آپ میرا مطلب سمجھ گئی ہوں گی۔ جہاں تک علیحدہ گھر لینے کی بات ہے تو اگر آپ کی ساس اکیلی ہیں اور آپ کے شوہر ہی ان کا سہارا ہیں تو اس خیال کودل سے نکال دیں۔
ساس کا دل نرم کرنے کے لئے سلم قولا من رب رحیم گیارہ سو مرتبہ رات کو پڑھ کر تصور میں دم کر دیا کریں۔اول و آخر گیارہ بار درود شریف۔ اکیس یوم عمل کرکے اطلا ع کریں۔

بزرگوں سے ملاقات

سوال: مجھے کوئی وظیفہ بتائیں کہ میں اولیاء کرام سے ملاقات کروں۔ خواب میں یاکسی کے مزار پر جا کر ملاقات کروں۔

(شکیل احمد،سیالکوٹ)

جواب: آپ نے بہت ہی اہم سوال کرلیا۔ اس کی تمنا تو بہت لوگ کرتے ہیں مگر کامیابی کسی کسی کو ملتی ہے۔ الحمد اللہ! ہمارے شاگردوں میں کئی ایسے ہیں، جو مزار پر جاکر بات چیت کرتے ہیں۔ یہ اللہ تعالیٰ کاخاص فضل ہے اور یہ اسی کاکرم ہے۔بندہ تو بہت گناہ گار ہے۔ خواب میں ملاقات اختیاری نہیں ہوتی۔ مزار پر ملاقات کے سلسلے میں آپ کی مدد نہیں کرسکتا کیونکہ اس کے لئے بہت شرائط ہوتی ہیں اور وہ باتیںخط میں بیان نہیںکی جاتی ہیں اور نہ ہی رسالہ میںشائع کرنی چاہئیں۔ جن لوگوں کو طلب ہوتی ہے، وہ آکر لے جاتے ہیں۔ خواب میں ملاقات کے لئے ایک اپناتجربہ شدہ عمل لکھ رہا ہوں۔ آپ عمل کریں اور دعا کریں کیونکہ باطن کی صفائی ایسے معاملات میں جتنی ہوتی ہے، اتنی ہی جلد کامیابی بھی ملتی ہے۔
عمل: سونے سے پہلے ایک تسبیح ’’ سبحان اللہ وبحمدہ سبحان اللہ العظیم ‘‘ اور ایک تسبیح سورئہ اخلاص کی پڑھ کرسو جائیں۔ کسی بھی صورت میں عمل کے بعد کوئی بات نہیںکرنی ہے ورنہ عمل ضائع ہوجائے گا۔

ہندو لڑکی پیچھا چھوڑدے

سوال: مسئلہ یہ ہے کہ میری سہیلی کاخاوند ایک ہندو لڑکی کے پیچھے پڑا ہوا ہے۔ میں چاہتی ہوں کہ وہ اس کا پیچھا چھوڑ دے۔

(سارہ ، کراچی)

جواب: محترمہ !اپنی سہیلی کے خاوند کی تشخیص کروائیں۔ ممکن ہے کہ اس ہندو لڑکی نے ان پرکوئی عمل کردیا ہو۔ اس لئے صرف علیحدگی کاعمل پڑھنا کافی نہ ہو گا۔ آپ نے سہیلی کے خاوند کا نام اور کوئی تفصیل بھی نہیں دی۔مکمل ناموں کی تفصیل کے ساتھ دوبارہ خط لکھیں۔

جلدی کااستخارہ

سوال: کسی چیز کے متعلق استخارہ کرنا ہو اور فوراً کرنا ہو تو کیاطریقہ ہو گا ؟

(چوہدری غلام یسین، لاہور )

جواب: اللّٰھم خرلی واخترلی۔ سات دفعہ پڑھ کر مراقب ہو کر دل میں غور کریں۔ جواب مل جاتا ہے۔

دوست بن جائیں

سوال: میرا مسئلہ کچھ یوں ہے کہ ہم کافی دوست مل کر فٹ بال کھیلتے تھے۔ اتوار کو دو نئے لڑکے آئے۔ جن سے آہستہ آہستہ میری دوستی بڑھنے لگی۔ جس کی وجہ سے میری دوسرے دوستوں سے لڑائی ہونے لگی۔ کوئی حل بتائیں کہ ہم سب دوست بن جائیں اور کبھی نہ لڑیں۔ برائے مہربانی کو ئی وظیفہ بتائیں۔

( محمود علی۔ فیصل آباد )

جواب: روزانہ سلام قولا من رب رحیم (880)مرتبہ پڑھیں۔ چالیس دن پڑھنا ہے۔ ان شاء اللہ آپ کامقصد حل ہو جائے گا۔

ذہن کام نہیں کرتا

سوال: ڈاکٹر صاحب! میرا ذہن کام نہیں کرتا۔ جو کام کرتا ہوں وہ خراب ہو جاتا ہے۔ ایسا پہلے نہیں ہوتا تھا، اچانک ایسا ہوا ہے۔ آپ بتائیں کہ کوئی عمل تو نہیں ہوا؟

( محمد اویس، لاہور )

جواب: آپ اپنا کپڑا چیک کروائیں تاکہ تشخیص ہو سکے۔ روزانہ ایک تسبیح ’’لاحول ولاقوۃ الا باللہ ‘‘ کی پڑھ کر اپنے اوپر دم کریں۔

بھائیوں کا غلط رویہ

سوال: ڈاکٹر صاحب! ہم چھ بہن بھائی ہیں۔ تین بھائی اور تین بہنیں۔ دو بڑی بہنوں کی شادی ہو چکی ہے۔ امی فوت ہو چکی ہیں۔ مسئلہ یہ ہے کہ میرے دونوں بڑے بھائی ہمیں بہت تنگ کرتے ہیں۔ ہمیں مارتے پیٹتے رہتے ہیں اور ہم پر طرح طرح کے جھوٹے الزام لگاتے رہتے ہے۔ ایک چار سالہ بھانجی ہمارے ساتھ رہتی ہے۔ اس کے ساتھ بھی ان کارویہ ٹھیک نہیں ہے۔ ہم ہر وقت ذہنی دبائو کاشکار رہتے ہیں۔ ابو کے ساتھ بھی ان کا یہی رویہ ہے۔ ڈاکٹر صاحب! میں چاہتا ہوں کہ میری بہن کی جلد از جلد شادی ہو جائے اور وہ اپنے گھر کی ہو جائے اور گھر کے حالات بہتر ہو جائیں۔ مہربانی فرما کراس سلسلے میں ہماری مدد فرمائیں اور خود بھی دعا کریں۔ مہربانی سے مجھے مکمل تفصیل کے ساتھ ہمارے وظیفے بتادیں۔

(راؤ نذیر، گجرات)

جواب: آپ سورئہ یٰسین کا وظیفہ مبین در مبین کابازار سے لے لیں اور 21دن لگاتارروزانہ ایک بار پڑھ کر کسی میٹھی چیز جیسے چینی وغیرہ پردم کرکے اپنے بھائیوں کوکھلائیں پھرحالات کی اطلاع کریں۔

وظیفہ کیسے پڑھا جائے ؟

سوال: آپ نے میرے لئے وظیفہ لکھ کر بھیجا ہے۔ آپ نے یہ نہیں لکھا کہ کتنے دن پڑھنا ہے ؟ کس وقت پڑھنا ہے ؟ با وضو پڑھنا ہے یا بے وضو پڑھاجاسکتا ہے؟ اس بارے میں وضاحت فرمائیں۔ شکریہ۔

(ڈاکٹر عنایت اللہ، شیخوپورہ )

جواب: آپ نے جو سوال کئے ہیں، ان کے ترتیب وار جواب یہ ہیں۔

کم ازکم مدت 21روز ہے۔ عموماً41روز پڑھا جاتا ہے۔

1

کوئی ایک وقت ایسا جس میں آپ توجہ سے عمل پڑھ سکتے ہوں اور اسی وقت آپ آئیندہ پڑھیں گے۔

2

ہر وظیفہ باوضو پڑھا جاتا ہے۔

3

 

 

کاپی رائٹ © تمام جملہ حقوق محفوظ ہیں۔ دارالعمل چشتیہ، پاکستان  -- ۲۰۱۴



Subscribe for Updates

Name:

Email: