جنات ، آسیب و شیاطین کو جگہ سے نکالنے کے مجرب اعمال
مرتب: اراکین روحانی علاج گاہ

سات(7) دنوں میں جنات کوگھر سے نکالنے کا عمل

پاک پانی پر سورئہ فاتحہ اور آیت الکرسی اور سورئہ جن کے شروع کی پانچ آیتیں پڑھ کر جس مکان میں شبہ ہو اس میں چھڑک دیں۔ا ن شاء اللہ تعالیٰ جنات دفع ہوں گے۔
اس عمل کے کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ پاک پانی (بہتر ہے کہ سات(7) مسجدوں کا لیا جائے، اگر ممکن نہ ہو تو سات(7) گھروں کا پانی لے لیں۔ اس میں مریض کے گھر کو شامل نہ کیا جائے)پر اس عمل کو سات(7) بار پڑھ کر دم کریں۔ اس طرح تین(3) دم کریں۔ کل اکیس (21)مرتبہ پڑھا جائے گا۔
اس پانی کا صبح و شام گھر میں سپرے بوتل کے ذریعے چھڑکاؤ کروائیں۔ ان شاء اللہ جنات ایک ہفتہ میں بھاگ جائیں گے۔

بکرے والاعمل

ایک عدد کالا بکرا حسب توفیق لا کر اسے ذبح کریں اوراس کے خون کو سنبھال کر رکھ لیں۔ اور گوشت گھر والوں (جس گھر میں اثر ہے)میں سے کوئی اپنے ہاتھ سے غریبوں میں تقسیم کر دے۔اس عمل کو متاثرہ گھر میں کرنا ہوگا۔ اسی خون میں چنبیلی کا خالص تیل ڈالیں۔ اور اس پر ایک ہی جلسے میں سورۃ الناس (پ۳۰) کو پانچ سو (500) مرتبہ پڑھ کر دم کریں اور اس تیل و خون کو متاثرہ گھر میں باہر سے لے کر اندر تک ہر کمرے میں دروازوں کے پیچھے روئی کی مدد سے لگا دیں۔
یہ عمل صرف وہ عاملین کریں جنہوں نے بنیادی ریاضتیں طے کر لی ہوں، ورنہ نقصان کا اندیشہ ہے۔ جنات کے اثر سے متاثر مریض کا علاج کرنے سے اتنا نقصان نہیں ہوتا جتنا اس گھر میں جہاں جنات ہوں، وہاں عمل کرنے سے عامل کو ہوسکتا ہے۔ نیز یہ عمل سورئہ ناس کے عامل ہی کریں تو بہتر ہے۔

مکان سے ہر قسم کی مخلوق کا اثر ختم کرنا

جس مکان میں جن و شیاطین، آسیب، بھوت پریت، چڑیل وغیرہ ارواح خبیثہ کا اثر ہو تو پیر کے دن بدھ یا جمعرات کے دن بساعتِ مشتری یا زہرہ پوری سورۃ البقرۃ اس مکان میں بیٹھ کر درمیانی آواز سے پڑھے اور ایک گلاس پانی کا بھر کر اپنے قریب رکھ لے اور جب سورۃختم ہو جائے تو اس پانی پر دم کرکے مکان کی دیواروں پر اس طرح چھڑک دے کہ پانی زمین پر نہ گرے اور ساعت کا حساب سورج نکلنے کے وقت سے لگائے۔
ان شاء اللہ تعالیٰ کسی قسم کا اثر مکان میں نہ رہے گا۔ مجرب ہے۔

جن بھوت کو مکان سے نکالنا

اکتالیس (۴۱) روز بوقت بعد از عشاء درود شریف ایک سو(۱۰۰) بار، سورۂ اخلاص پانچ سو (۵۰۰) باراور درود شریف ایک سو(۱۰۰) بار پڑھ کر پانی پر دم کریں اور پورے گھر کے پاک کونوں اور دیواروں پر چھڑکیں۔

سورۂ یٰسین کا عمل

اگر جنات کا اثر گھرپر ہو تو گھرکے چاروں کونوں میں ایک ایک مرتبہ سورئہ یٰسین پڑھیں اور پانی پر دم کرتے جائیں۔ آخر میں وہ پانی گھر کے چاروں کونوں میں چھڑک دیں۔ اکیس21 دن تک عمل جاری رکھیں۔ ان شاء اللہ سخت جنات بھی بھاگ جائیں گے۔

تنبیہ

جنات، آسیب ، شیاطین کو کسی جگہ سے نکالنے کا عمل صرف وہی عاملین کریں، جن کے حصار مضبوط ہوں۔ عوام ایسے اعمال سے دور رہیں۔ ہر علاج کرنے کا ہر کوئی اہل نہیں ہوتا۔ اگر کسی نا اہل نے اپنی مرضی سے عمل کیے اور کوئی نقصان ہوا تو ادارہ ذمہ دار نہ ہوگا۔

کاپی رائٹ © تمام جملہ حقوق محفوظ ہیں۔ دارالعمل چشتیہ، پاکستان  -- 2022




Subscribe for Updates

Name:

Email: