ضرورت کے موافق دین کا علم حاصل کرے، خواہ کتاب سے پڑھ کر یا علماء سے پوچھ کر۔ | 1 |
سب گناہوں سے بچے۔ | 2 |
اگر کوئی گناہ ہو جائے تو فوراً توبہ کرلے۔ | 3 |
کسی کا حق نہ رکھے،کسی کو زبان سے یا ہاتھ سے تکلیف نہ دے، کسی کی برائی نہ کرے۔ | 4 |
مال کی محبت اور نام کی خواہش نہ رکھے، نہ بہت اچھے کھانے کپڑے کی فکر میں رہے۔ | 5 |
اگر اس کی خطا پر کوئی ٹوکے، اپنی بات نہ بناوے، فوراً توبہ کرلے۔ | 6 |
بدُوں (علاوہ) سخت ضرورت کے سفر نہ کرے۔ سفر میں بہت سی باتیں بے احتیاطی کی ہو جاتی ہیں، بہت سے نیک کام چھوٹ جاتے ہیں، وقت پرکوئی کام نہیں ہوتا۔ | 7 |
نہ بہت ہنسے، نہ بہت بولے، خاص کر نامحرم سے بے تکلفی کی باتیں نہ کرے۔ | 8 |
کسی سے جھگڑا، تکرار نہ کرے۔ | 9 |
شرع کا ہر وقت خیال رکھے۔ | 10 |
عبادت میں سستی نہ کرے۔ | 11 |
زیادہ وقت تنہائی میں رہے۔ | 12 |
اگر اوروں سے ملنا جلنا پڑے تو سب سے عاجز ہو کررہے۔ سب کی خدمت کرے، بڑائی نہ جتلائے۔ | 13 |
امیروں سے تو بہت ہی کم ملے۔ | 14 |
بے دین آدمی سے دور بھاگے۔ | 15 |
دوسروں کے عیب نہ ڈھونڈے، کسی پر بدگمانی نہ کرے، اپنے عیبوں کو دیکھا کرے اور ان کی درستی کیا کرے۔ | 16 |
نماز کو اچھی طرح، اچھے وقت پر، دل سے، پابندی کے ساتھ ادا کرنے کا بہت خیال رکھے۔ | 17 |
دل یا زبان سے ہر وقت اللہ کی یاد میں رہے، کسی وقت غافل نہ ہو۔ | 18 |
اگر اللہ کا نام لینے سے مزہ آئے، دل خوش ہو، تو اللہ تعالیٰ کا شکر بجالائے۔ | 19 |
بات نرمی سے کرے۔ | 20 |
سب کاموں کے لیے وقت مقرر کرے اور پابندی سے اسے نبھائے۔ | 21 |
جو کچھ رنج وغم نقصان پیش آئے، اللہ تعالیٰ کی طرف سے جانے، پریشان نہ ہو اور یوں سمجھے کہ اس میں مجھ کو ثواب ملے گا۔ | 22 |
ہر وقت دل میں دنیاکا حساب وکتاب اور دنیا کے کاموں کا ذکر نہ رکھے، بلکہ خیال بھی اللہ ہی کارکھے۔ | 23 |
جہاں تک ہو سکے، دوسروں کو فائدہ پہنچائے، خواہ دنیا کا ہو یا دین کا۔ | 24 |
کھانے پینے میں نہ اتنی کمی کرے کہ کمزور یا بیمار ہو جائے، نہ اتنی زیادتی کرے کہ عبادت میں سستی ہونے لگے۔ | 25 |
خدائے تعالیٰ کے سوا کسی سے طمع نہ کرے، نہ کسی طرف خیال دوڑائے کہ فلاں جگہ سے ہم کو فائدہ ہوجائے۔ | 26 |
خدائے تعالیٰ کی تلاش میں بے چین رہے۔ | 27 |
نعمت تھوڑی ہو یا بہت، اس پر شکر بجا لائے اور فقر وفاقہ سے تنگ دل نہ ہو۔ | 28 |
جواس کی حکومت میں ہیں، ان کی خطا وقصور سے درگزر کرے۔ | 29 |
کسی کا عیب معلوم ہو جائے تو اس کو چھپائے، البتہ اگر کوئی کسی کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے اور تم کو معلوم ہو جائے تو اس شخص سے کہہ دو۔ | 30 |
مہمانوں، مسافروں، غریبوں، عالموں اور درویشوں کی خدمت کرے۔ | 31 |
نیک صحبت اختیار کرے۔ | 32 |
ہر وقت خدا تعالیٰ سے ڈرے۔ | 33 |
موت کو یاد رکھے۔ | 34 |
کسی وقت بیٹھ کر روز اپنے دن بھر کے کاموں کو سوچا کرے، جو نیکی یاد آئے، اس پرشکر کرے، گناہ پر توبہ کرے۔ | 35 |
جھوٹ ہر گز نہ بولے۔ | 36 |
جومحفل خلاف شرع ہو، وہاں ہر گز نہ جائے۔ | 37 |
شرم وحیا اور بُردباری سے رہے۔ | 38 |
ان باتوں پرمغرور نہ ہو کہ میرے اندر ایسی خوبیاں ہیں۔ | 39 |
اللہ تعالیٰ سے دعاکیا کرے کہ نیک راہ پر قائم رکھیں۔ | 40 |
( بہشتی زیور:ج۷) |
کاپی رائٹ © تمام جملہ حقوق محفوظ ہیں۔ دارالعمل چشتیہ، پاکستان -- 2016